ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت، آصف زرداری بھی ایکٹو ہو گئے

لاہور(پی این آئی)ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت کے بعد آصف علی زرداری نے بھی پارٹی رہنماؤں سے عام انتخابات کے حوالے سے تجاویز طلب کرلیں۔ نجی ٹی وی  جیو نیوز کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو الیکشن سے متعلق تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتخابات سے متعلق تجاویز بھی مانگ لیں۔اس حوالے سے سابق صدر آصف زرداری کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

بلاول ہاؤس لاہور میں ہوا۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے صوبائی اسمبلی میں ادا کیے گئے کردار پر شرکاء کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کی کوشش کی گئی۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھرپور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے زیرصدارت مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور

ماہرین آئینی امور شریک ہوئے، پارٹی قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئیں۔اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی جس کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھرپور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی اور دیگر دو صوبوں کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لیگی اراکین پارلیمان نواز شریف کے ساتھ تھے اور ہیں، پی ٹی آئی کے ڈوبتے جہاز میں کوئی سوار ہونا پسند نہیں کرے گا، نواز شریف نے پارٹی کو الیکشن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کر دی۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ہدایت کی کہ قیادت الیکشن کے لئے خود بھی تیار ہو اور ورکرز کو بھی متحرک کرے۔

انتخابی مہم میں عمران خان کے دور میں ہونے والے معاشی، سفارتی و سیاسی نقصانات بارے آگاہ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مریم نواز کو رواں ماہ کے دوران ہی وطن واپس جانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران کہا کہ کل سابق صدر آصف علی زرداری سے ملنے ان کی رہائشگاہ جاں گا، عمران خان ملک و قوم کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسے قوم مسترد کر چکی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں معاشی صورتحال کا ذمہ دار عمران خان ہے، اس سے کوئی اچھی توقع نہیں کی جا سکتی، امیدوار بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لیں، مریم نواز رواں ماہ پاکستان میں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close