لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ نے رابطہ کیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دے دیں تو ہم اسمبلی تحلیل نہیں کرتے۔اپریل میں پنجاب کے اندر الیکشن ہوں گے تو ن لیگ بھرپور حصہ لے گی۔جبکہ پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے سلسلے میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو لندن طلب کر لیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا آئندہ دو روز میں لندن روانگی کا امکان ہے،رانا ثناء اللہ پنجاب کی سیاسی صورتحال پر نواز شریف کو اعتماد میں لیں گے جبکہ رہنماؤں میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ پر گفتگو ہو گی۔ وزیر داخلہ کو سیاسی صورتحال پر اہم ٹاسک دئیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایاز صادق اور خواجہ سے بھی سیاسی امور پر مشاورت کی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب کا اسمبلی کی تحلیل کیلئے گورنر کو ایڈوائس بھیجنے کے معاملے پر اکثریتی ن لیگ ارکان پنجاب اسمبلی نے پارٹی کی اعلٰی قیادت سے رابطہ کر لیا، اے آر وائے نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ن لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نے جلد الیکشن کی صورتحال میں پارٹی کی سنیئر قیادت کو تحفظات سے آگاہ کر دیا۔لیگی ارکان اسمبلی نے بتایا کہ تین ماہ میں الیکشن کی صورت میں حلقے میں مشکلات کا سامنا ہو گا جبکہ مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث انتخابی مہم میں دقت ہو گی۔ پی ٹی آئی 8 ماہ سے الیکشن مہم چلا رہی ہے،چوہدری پرویز الٰہی نے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے لیکن ن لیگ کی مرکزی قیادت نے پنجاب میں کوئی سیاسی سرگرمیاں نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ سنیئر قیادت اراکین پنجاب اسمبلی کو بلا کر معاملے پر اعتماد میں لے۔ ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ارکان سمبلی نے رائے دی کہ الیکشن سے قبل مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینا ہو گا جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کو الیکشن مہم کا حصہ بننا ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں