بلدیاتی الیکشن ملتوی ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حتمی فیصلہ

کراچی (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں پہلے ہی3 بار بلدیاتی الیکشن ملتوی ہوچکے ہیں اس لیے اب ملتوی نہیں کیا جائے گا، اس حوالے سے صوبائی حکومت اور متعلقہ ایجنسیوں کے خدشات کےبارے میں رپورٹ مزید غور کیلئے الیکشن کمیشن کو بھیج دی جائے گی۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شام ساڑھے چار بجے چیف سیکریٹری سندھ کے دفتر میں اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ اور فوج اور رینجرز کے افسران نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ اور متعلقہ ایجنسیوں نے بتایا کہ امن و امان کی صورت حال خراب ہے اور سیاسی تناؤ کی وجہ سے نقصان ہوسکتا ہے۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی نے درخواست کی کہ جب تک تمام پولنگ سٹیشنز پر آرمی اور رینجرز تعینات نہیں ہوجاتی تب تک الیکشن ملتوی کردیئے جائیں۔ترجمان کے مطابق بلدیاتی الیکشن پہلے ہی 3 بار ملتوی ہوچکے ہیں اس لیے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتے ، انتخابات کے انعقاد میں صوبائی محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے پابندہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کے خدشات پر رپورٹ مزید غور کیلئے الیکشن کمیشن کو بھیج دی جائے گی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 15 جنوری کو کراچی ڈویژن، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دے رکھا ہے جس پر حکومتی اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اتحاد سے علیٰحدگی کی دھمکی دی گئی ہے۔اس سے قبل ایک اور بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی جو مسترد کردی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں