کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کا گوادر کی سیکیورٹی سے متعلق بڑا اعلان

کوئٹہ (پی این آئی )پاک فوج کی12 ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ آرمی چیف بھی جلد بندرگاہی شہر کا دورہ کریں گے، آئندہ 3 سے 4 ماہ کے دوران میں گوادر کی سیکیورٹی مکمل طور پر پولیس اور لیویز فورس کے سپرد کر دی جائے گی اور مسلح افواج اپنے اسٹیشنوں تک محدود رہیں گی اور شہر میں نظر نہیں آئیں گی۔

نجی اخبار ” ڈان نیوز “ کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے گوادر میں ایک اجتماع سے خطاب میں گوادر کے کونسلرز کو شہر کے ’حقیقی حکمران‘ قرار دیا جب کہ اس موقع پر گوادر کے 41 کونسلرز میں سے صرف ایک یا دو تقریب میں موجود تھے، اس صورتحال پر کور کمانڈر نے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے گوادر میں جماعت اسلامی کے امیر مولانا لیاقت کو ذمہ داری سونپی کی کہ وہ جمعہ کی صبح شہر کی میونسپل کمیٹی کے تمام کونسلرز سے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کریں کہ شہر کے مسائل سے کیسے نمٹا جا سکے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ گوادر ہمارا گھر ہے اور اسے نقصان نہیں پہنچانا چاہیے انہوں نے کہا کہ کسی کو سڑکیں بلاک کرنے، شہر میں سرکاری مشینری اور ترقیاتی کاموں کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج سے نہیں بلکہ مل جل کر ساتھ کام کرنے سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ گوادر کے مسائل کے حل کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی کرنے والی کمیٹی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں شامل ناموں کی فہرست جمعے تک ڈپٹی کمشنر کو فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب سول انتظامیہ اور عوام کے ساتھ مشترکہ کوششوں کے ذریعے شہر کو درپش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close