چوہدری پرویز الٰہی نےخود تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے ن لیگی رہنما کو فون کیا تھا، رانا ثنا اللہ کا تہلکہ خیز انکشاف

لاہور(پی این آئی) سینئر لیگی رہنما اور وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز الہٰی نے آج ہمارے ایک سینئر رکن کو فون کیا اور کہا کہ تحریک عدم اعتماد لائیں تاکہ اسمبلی تحلیل نہ کروں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں تھے، اسمبلی توڑنے کا عمل غیرآئینی اور غیرجمہوری ہے۔

نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایڈوائز آگئی ہے تو ڈاکو راج ختم ہوگیا، ہماری پارٹی میں مضبوط رائے تھی کہ ان کو اسمبلیاں توڑنے دیں، الزام تھا کہ ہم نے لوگوں کو پیسے دیئے، وہ الزام کہاں گیا؟، ہم کل کسی کو پیسے دیتے تو کسی کی جرأت تھی وہ واپس جاتا، اسٹیبلشمنٹ نے سیاسی انجینئرنگ نہیں کی، عمران جھوٹ بول رہا تھا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گورنر پنجاب کو وزیراعلیٰ کی ایڈوائز پر دستخط کرنے کی کیاضرورت ہے؟ اسمبلی خود 48 گھنٹے میں تحلیل ہوجائے گی، وفاق 16 اگست تک قائم رہے گا، دونوں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن 90 دن میں ہونے چاہئیں، ہم دونوں اسمبلیوں کے الیکشن لڑیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ہم سندھ اور بلوچستان حکومت سے کیسے اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ سکتے ہیں، مدت پوری ہونے پر دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کیساتھ قومی اسمبلی کا بھی الیکشن ہوجائے گا، اگر یہ دو صوبوں میں الیکشن کروانا چاہتے ہیں تو کروالیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کردی ہے، ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے، گورنر نے دو دنوں میں سمری منظور نہ کی تو اسمبلی 48 گھنٹوں میں خود بخود ٹوٹ جائے گی۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات کے بعد زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے، وزیراعلیٰ کی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے، گورنر نے دو دنوں میں اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری منظور نہ کی تو اسمبلی 48 گھنٹوں میں خود بخود ٹوٹ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے کیا وعدہ پورا کردیا ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے ساتھ خیبرپختونخواہ کی اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے، ہمارا پاکستان کے عوام سے وعدہ تھا کہ ہم عوام میں واپس جائیں گے، آج عمران خان نے وہ وعدہ پورا کردیا ہے، یہ دونوں حکومتیں ہماری اپنی حکومتیں تھی ، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کرکے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے پاس میں جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، عوام آج بھی صرف عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، یہاں پر میں چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی اور ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے ایک اصول کی خاطر ساتھ دیا۔

close