لاہور(پی این آئی) گورنر ہاوس کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری موصول ۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری مونس الہٰی نے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے بھیجی گئی سمری گورنر ہاوس پنجاب میں موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر جاری تصویر کیساتھ لکھا کہ اب انتخابات کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے بھی پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی بھیجی گئی سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔اس سے قبل وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیے جانے کے بعد ان کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہٰی کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا۔انہوں نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وعدہ پورا کر دیا، انشاء اللہ عمران خان کو جلد وزیر اعظم کی کرسی پر دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی، ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے۔
گورنر نے دو دنوں میں سمری منظور نہ کی تو اسمبلی 48 گھنٹوں میں خود بخود ٹوٹ جائے گی۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات کے بعد زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے، وزیراعلیٰ کی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے، گورنر نے دو دنوں میں اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری منظور نہ کی تو اسمبلی 48 گھنٹوں میں خود بخود ٹوٹ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے کیا وعدہ پورا کردیا ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے ساتھ خیبرپختونخواہ کی اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے، ہمارا پاکستان کے عوام سے وعدہ تھا کہ ہم عوام میں واپس جائیں گے، آج عمران خان نے وہ وعدہ پورا کردیا ہے، یہ دونوں حکومتیں ہماری اپنی حکومتیں تھی ، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کرکے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے پاس میں جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، عوام آج بھی صرف عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں۔
یہاں پر میں چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی اور ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے ایک اصول کی خاطر ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق عبوری حکومت کیلئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھ رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے ساتھ عبوری حکومت قائم کردی جائے گی، 90 دنوں میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات ہونے جار ہے ہیں۔پاکستان کی 60 فیصد نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ اب بھی وفاقی حکومت کو ضد سے باہر آنا چاہیے اور پاکستان کو قومی انتخابات کی جانب بڑھنا چاہیے۔ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تو پاکستان میں کبھی معاشی استحکام نہیں آسکتا۔ جب 60 فیصد نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں تو باقی 40 نشستوں پر بھی انتخابات ہونے چاہئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں