ایبٹ آباد ( پی این آئی) ملک کے معروف سیاحتی مقام گلیات میں شدید برفباری کے باعث سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گلیات میں شدیدبرفباری کی وجہ سے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ پابندی رات 9 بجے سے صبح 9 بجے تک ہوگی جب کہ ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خٹک کی قیادت میں گلیات اور نتھیاگلی سمیت دیگر علاقوں میں امدادی اور آپریشنل سرگرمیوں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گلیات میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری و گلیات میں مسلسل جاری برفباری کا یہ سلسلہ اگلے تین سے چار روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے سیاح گلیات اور مری جانے میں احتیاط کا مظاہرہ کریں کیوں کہ اس طڑھ کے موسم میں سفر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے گلیات اور مری جانے والے سیاح برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد ان علاقوں کا رخ کریں۔ شدید برفباری کو مدنظر رکھتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ثاقب منان نے مری جانے والے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ سیاح کھانے پینے کی مکمل تیاری اور گاڑی کے ٹائروں پر چڑھانے کیلئے چین ساتھ رکھیں کیوں کہ محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اس لیے سیاح پریشانی سے بچنے کیلئے ہوٹل کی بکنگ کنفرم کریں، سیاح مزید کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے مری میں قائم 13 ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹرز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحتی سیزن کے دوران مری میں بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے گاڑیوں کی آمد و رفت کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت مخصوص تعداد سے زیادہ گاڑیوں کے مری میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، شہر میں 8 ہزار گاڑیاں داخل ہونے کے بعد مزید گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ملے گی، مری جانے والے سیاحوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی گئی، سیاحوں کو تلقین کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کریں، کسی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں