تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیخلاف بڑا فیصلہ کر لیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے۔

اس حوالے سے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین ہے، کیس کی تاریخ 17 جنوری تھی جس کو رولز کے خلاف آج مقرر کرکے فیصلہ دیا گیا، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت میں جا رہے ہیں، انہیں توہین عدالت میں سزا ہوگی۔الیکشن کمیشن کے اسی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، میرے اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، یہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کا کام کرنے کے بجائے ان کاموں میں لگا ہوا ہے، حالاں کہ خود یہ اسلام آباد بلدیاتی الیکشن نہ کروا کر توہینِ عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی، الیکشن کمیشن نے حاضری سے استثنٰی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اور ان کی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کر دی، الیکشن کمیشن میں کیس کی آئندہ سماعت 17 جنوری ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close