وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اور کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا، گورنر پنجاب کا بڑا اقدام

لاہور( پی این آئی ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے مقرر کردہ وقت اور تاریخ پر اعتماد کا ووٹ لینے سے احتراز کیا ہے اس لیے وہ اور کابینہ ڈی نوٹی فائی ہو چکے ہیں۔ گورنر پنجاب گورنر ہاؤس لاہور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ سسٹم پرسکون انداز سے چلے تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں معاشی ٹیم ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے ۔ پنجاب حکومت عدالت کے عبوری حکم پر چل رہی ہے امید ہے عدالت جلد اس کیس کاحتمی فیصلہ کر دے گی۔ آئین اور قانون کی بالادستی ہی میں سب کی بھلائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور گورنر صرف آئین کی بالادستی ہی ان کی ترجیح ہے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاؤس لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹر نے الوداعی ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کرسچن ٹرنر کی پاکستان میں بطور ہائی کمشنر قیام کے دوران خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں اہم کردار ہے۔ہ برٹش ہائی کمشنر کا حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی میں بھی فعال کردار لائق تحسین ہے ۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر کے مستقبل میں نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کے ان کے بعد آنے والے ہائی کمشنر بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستانی عوام سے بہت محبت ملی۔ وہ پاکستان سے خوشگوار یادیں لے جا رہے ہیں اور ان کا پاکستان میں قیام ان کی پیشہ وارانہ زندگی کا بہترین حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جہاں بھی رہیں گے پاکستان کے ساتھ دوستی کا رشتہ برقرار رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close