حج کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) پاکستان کا پرانا حج کوٹا بحال، عمر کی حد بھی ختم کردی گئی، رواں سال حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان، کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023 کا اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق حج کے خواہش مند پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4 روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اداروں کا دورہ کیا۔وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو سالانہ حج معاہدے کا مسودہ موصول ہو گیا ہے جس کے تحت پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا پرانا کوٹہ بحال کر دیا گیا ہے اور 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق رواں سال حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے جبکہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023 کا اعلان کریں گے۔سعودی وزیرحج وعمرہ توفیق الربیعہ کے مطابق حج معاہدے پردستخط کرنے والوں میں ترکیہ، سوڈان، یمن،ازبکستان، ملائیشیا،بحرین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں عازمین کی تعداد، آمد، روانگی اور پیش کی جانے والی خدمات کا ذکر ہے۔ یہاں واضح رہے کہ کرونا وبا کے پھیلاو کے بعد سے گزشتہ 3 سالوں کے دوران پاکستان کو مکمل حج کوٹہ نہیں مل سکا تھا۔2020 میں صرف مملکت میں مقیم چند ہزار عازمین کو حج ادائیگی کی اجازت ملی تھی، 2021 میں بھی محدود پیمانے پر حج انتظامات کیے گئے۔

جبکہ گزشتہ سال بیرون ممالک سے ہزاروں عازمین کی حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب آمد ہوئی تھی، پاکستان سے بھی ہزاروں کی تعداد میں عازمین حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچے تھے، تاہم گزشتہ سال بھی کسی بھی ملک کا مکمل حج کوٹہ بحال نہیں کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close