قلعہ سیف اللہ (پی این آئی) بلوچستان میں ٹریفک حادثہ میں 6 مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جبکہ متعدد زخمی مسافروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ لیاقت علی نے بتایا ہے کہ حادثہ قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے درمیان نیشنل ہائی وے پر توروسکی کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار منی ٹرک مخالف سمت سے آنیوالی مسافر بس سے ٹکرا گیا۔ڈپٹی کمشنر لیاقت علی کا کہنا ہے کہ مسافر بس کوئٹہ سے پنجاب جارہی تھی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے شدید زخمیوں کو کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا جائے گا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں مسافر بس میں سوار 6 افراد موقع پر جاں موقع جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قلعہ سیف اللہ کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔واضح رہے چند ماہ قبل اکتوبر میں بھی دو ایسے ہی حادثے بلوچستان میں پیش آئے تھے۔ بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ اور نوشکی میں ٹریفک حادثات ہوئے تھے جن میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا قلعہ سیف اللہ کے علاقے تنگہ حیدرزئی میں مخالف سمت سے آنے والی دو گاڑیاں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 7 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ دوسرا حادثہ ونشکی آر سی ڈی شاہراہ پر پیش آیا تھا، جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو حکام نے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاش کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے تمام زخمیوں کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں