ن لیگ کے پاس پنجاب اسمبلی کے 190 ارکان ہونے کا دعویٰ، پرویزالٰہی سے استعفیٰ مانگ لیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پرویزالہٰی کے پاس اکثریت نہیں ہے وہ مستعفی ہوجائیں، پرویزالٰہی کے پاس نمبرز پورے تھے تو اسمبلی میں دکھا دیتے، ہمارے پاس آج تعداد 190 ارکان تھے، اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی کی حمایت نہیں کررہی۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس اب اکثریت نہیں ہے، پرویزالہٰی غلط طریقے سے صوبے پر مسلط ہیں، ہمارے پاس اس وقت ان کے مقابلے میں اکثریتی نمبر ہے، پرویزالہٰی نہیں چاہتے کہ اعتماد کا ووٹ لیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں۔وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میرا پرویزالہٰی سے مطالبہ ہےکہ اگر اکثریت نہیں ہے تو مستعفی ہوجائیں، اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی حمایت نہیں کررہی ہے، پرویزالہیٰ کے پاس ایوان کی اکثریت موجود نہیں ہے، پنجاب اسمبلی ہماری آج حاضری پوری تھی ہمارے ارکان کی تعداد 190 ارکان تھے، اگر ان کے پاس نمبرز پورے تھے تو آج دکھا دیتے، کل یہ پھر اجلاس بلاکر داؤ لگانے کی کوشش کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔پرویزالہٰی اسمبلی توڑنے کے بجائے استعفی دیں۔ اعتماد کے ووٹ کی صدارت اسپیکر کریں یہ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز ہی ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے، اس وقت وزیراعلیٰ کا امیدوار بدلنا فائدے میں نہیں ہوگا، حمزہ شہباز اپنی والدہ کے علاج کیلئے باہر گئے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف کا لندن سے براستہ دوحہ پاکستان پہنچیں گے اور واپس آکر فوری طور پر اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔حمزہ شہباز گزشتہ ماہ کے آغاز میں لندن گئے تھے۔ ن لیگ نےاعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر وقت کچھ نہ کچھ ایسا کررہا ہوتا ہے پاکستان سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے۔ وہ شخص ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی کوشش اور پروپیگنڈا کررہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close