کراچی میں دھماکہ، گرین لائن بس بال بال بچ گئی

کراچی(پی این آئی)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ہونے والے گیس سلینڈر دھماکے میں گرین لائن منصوبے کی بس بال بال بچ گئی۔سرجانی ٹاؤن میں گرین لائن بس کے لیے بنائے گئے پل کے نیچے واقع دکان میں سلینڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں اور جیسے ہی اوپر سے گرین لائن بس گزرتی ہے تو ایک اور زوردار دھماکا ہوتا ہے جس کے شعلے گرین لائن کے روٹ کے بھی اوپر تک جاتے ہیں۔تاہم خوش قسمتی سے گرین لائن بس حفاظت کے ساتھ گزر جاتی ہے اور کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوتا۔دکان میں ہونے والے سلینڈر کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب لیاقت آباد کی رہائشی آبادی میں قائم چمڑے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کے لیے متعدد فائر بریگیڈ اور امدادی ادارے کام کر رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق لیاقت آباد نمبر 4 میں میں رنگ سینما کے عقب کی رہائشی آبادی میں قائم چمڑے کے گودام میں دوپہر 11 بج کر 35 منٹ پر آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کے لیے فائربریگیڈ کے ناظم آباد اور دیگر سینٹروں سے فائر فائٹرز اور آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکار بھی موقع پر موجود ہیں جب کہ پولیس اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کنٹرول کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے مزید بریگیڈ بھیجی گئی ہے، آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close