کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے، چوہدری پرویزالٰہی کا دبنگ اعلان

لاہور(پی این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں اپوزیشن اقتدار کےخواب دیکھ رہی ہے۔خوابوں میں گم اپوزیشن کے پاس نمبرز ہی پورے نہیں۔پنجاب میں ن لیگ کو پہلے بھی مار پڑی اور آئندہ بھی انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔پراپیگنڈہ کرنے والی فیکٹری ن لیگ کے گھر لگی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں۔ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے، عمران خان کے ساتھ ہیں۔غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ن لیگ کے دعوے صرف ہوائی قلعے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بدترین کارکردگی پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔وفاقی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی سزا 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نےپنجاب اسمبلی کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہمارے قریب آئیں اللہ تعالٰی وہ نوبت نہ لائے۔عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پر لوگ مایوس ہو رہے ہیں،وہ لوگ اپنی لیے نئی پارٹیاں اور نئی پناہ گاہیں تلاش کر رہے ہیں۔اعتماد کے ووٹ کے بعد وزیراعلٰی پنجاب کے امیدوار کا فیصلہ ہو گا،مجھے گنتی نہیں آتی لیکن ہمارے پاس ارکان کی بہت بڑی تعداد ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عدالتی معاملات پر ریڈلائن عبور نہیں کروں گا،مریم نواز کو پارٹی کا آرگنائزر لگانا اچھی بات ہے جبکہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کسی چیز سے مشروط نہیں،نواز شریف وطن واپس آئیں گے لیکن اس کا پنجاب حکومت کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔اگر پی ٹی آئی کے ووٹ پورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے،موقع آنے دیں سب کو پتہ چل جائے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close