لاہور(پی این آئی) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے ہیں،پرویز الٰہی اور محمود خان عمران خان کے ساتھ ہاتھ کرگئے ہیں۔
قومی سلامتی کے ادارے کو اتنا ہمارے دشمن نے بدنام نہیں کیا جتنا عمران خان نے کیاہے،جھوٹے الزامات لگاکر اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،اس وقت ملک کو آگے لے جانے کا وقت ہے،اگر اداروں کو تباہ کیاگیا تو نفرت مزید بڑھے گی، پختونوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا پختونوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حل کیلئے اعلی سطح پر بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں پختون فلاحی تنظیم کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان، وحید گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان ہیں، ہمیں ذات پات سے بالاتر ہوکر ملک کے لئے کام کرنا ہوگا،قبائلی عوام نے جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کا جھنڈا بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل کی آواز اٹھاتا رہوں گا، پختونوں کو کبھی مایوس نہیں ہونے دوں گا، پختونوں نے بہت مشکلات دیکھیں،ہزاروں جانیں دیں،بغیر تنخواہ کے پختون پاکستان کو سکیورٹی دے رہے ہیں،سعد رفیق کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے،نادرا اور پاسپورٹ کے ڈی جی کو بلاکر جائز مطالبات پورے کریں گے، پختونوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی بالکل برداشت نہیں کریں گے،پختونوں کے ساتھ ایک ہی پالیسی رکھیں، پنجاب پولیس اور انتظامیہ اگر پختونوں پر دباؤ ڈالے گی تو نفرتیں پیدا ہوں گی، پختون عزت چاہتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ عزت دیں۔امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف نے ساڑھے نو سال خیبر پختوانخواہ میں حکومت کرنے کے باوجود حالات بہتر نہیں کئے۔
خیبر پختوانخواہ کے وزرا ء بھی اسمبلی تحلیل کے لیے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیلاب آیا تو شہبازشریف متاثرین کے ساتھ کھڑے رہے اور دکھ سمجھ کر مرہم پٹی کی، عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے پیچھے پڑا ہوا ہے، وزیر اعلیٰ خٗبر پختوانخواہبھی عمران خان کے ساتھ نہیں ہے، اپرویز الٰہی نے عمران خان کو فارغ کر دیا ہے،دونوں نے عمران خا ن کے ساتھ ہاتھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز،شہباز کا ایجنڈا معاشی استحکام لانے کا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت ملک کو معاشی مشکلات سے باہر نکالنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں اور جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں، قومی سلامتی کے ادارے کی اتنی بدنامی بھارت نے نہیں کی جتنی عمران خان نے دنیا بھر میں کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تنظیم کے لئے پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔رانا مشہود نے کہا کہ پختونوں کا مسئلہ پنجاب، خیبر پختوانخواہ یا سندھ میں ہواتو پہلا شخص امیر مقام ہے جس نے اسے حل کروایا ہے۔
امیر مقام نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ حل کروائیں گے، ملکی ترقی یہی ہے مل کر چلیں اور جو کمی کوتاہی ہے اسے دور کریں، مضبوط پاکستان کیلئے پختون،سندھی،بلوچی اور پنجابی کو مضبوط ہونا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں