وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو۔۔۔ ن لیگ نے کارروائی کا عندیہ دیدیا

لاہور ( پی این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے اعتماد کے ووٹ حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ن لیگ نے اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے اعتماد کے ووٹ حوالے سے گفتگو کی گئی۔ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بیان پر غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے معاملے پر آئینی اور قانونی نکات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہوگا۔

اجلاس میں اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں مسلم لیگ ن نے دستیاب آئینی اور قانونی آپشنز پر بھی غور کیا اور چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔مزید پڑھیں: عدالت نے ہدایت کی تواعتماد کا ووٹ لیں گے پھر فوری اسمبلی تحلیل کردیں گے، عمران خان وزیراعظم کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں رانا مشہود، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ، لیگی رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین اور بلال یاسین شامل تھے۔ جبکہ وفاقی وزرا میں خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ بھی پارٹی اجلاس میں موجود تھے۔قبل ازیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی اسپیکر، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزرا نے شرکت کی اور مختلف آئینی و قانونی نکات پر اپنی آرا پیش کیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد جلد انتخابات کیلئے عوام کے پاس جائیں گے، امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، سازشی ٹولہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگ رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کے صوبائی وزرا کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور اگلے الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کی ہدایت کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، سازشی ٹولہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد الیکشن کیلئے عوام کے پاس جائیں گے، ملک کے مسائل کا حل نئے الیکشن ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں