روٹی 35اور نان40روپے کا کرنے کا مطالبہ


لاہور (پی این آئی ) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے نرخ میں اضافہ کے لیے 12 جنوری کو احتجاج کا اعلان کردیا، پنجاب بھر کے تندور مالکان چیف سیکریٹری آفس کے باہر احتجاج کریں گے۔ صدر آفتاب گل کی زیرِ صدارت متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا۔

 

 

 

 

جس میں فائن اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نان اور روٹی کے نرخ میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا کہ آئے روز آٹے اور فائن کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتحال میں روٹی 15 اور نان 25 روپے میں فروخت نہیں کرسکتے، موجودہ حالات میں روٹی 35 اور نان 40 روپے کا کیا جائے، اور اگر سستی روٹی اور نان فروخت کرانا ہے تو تندور پر سستا آٹا اور فائن فراہم کیا جائے۔دوسری طرف وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے، وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر سیکرٹری فوڈ اور ڈائریکٹر فوڈ کی سرزنش کی۔

 

 

 

انہوں نے افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سوال کیا کہ عوام آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان دکھائی دے رہی ہے، آپ دفتر میں بیٹھے کیا کارکردگی دکھا رہے ہیں؟ ہم نے لوگوں سے گڈ گورننس کا وعدہ کر رکھا ہے، گندم کوٹہ اور امدادی قیمت بھی پڑھائی پھر بھی یہ حال کیوں؟ وزیر اعلی پرویز الٰہی نے افسران کو آٹے کی فراہمی کو فوری معمول پر لانے کی ہدایت کی۔دوسری جانب ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30.60 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چاول، مرغی، پیاز، دالوں سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوگئیں، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا۔

 

 

 

جس کے باعث ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ، ٹوٹا چاولکی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 79 روپے مہنگا ہو، رواں ہفتے پیاز کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، دال مونگ، ماش 3 اوردال چنے فی کلو 2 روپے مہنگی ہوئیں، اسی طرح نمک، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں