بجلی کے شارٹ فال میں خوفناک اضافہ، ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کی وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی ) پن بجلی کی پیداوار میں 90 فیصد کمی کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ بڑھ گئی۔ تربیلا ڈیم کے بجلی پیدا کرنے والے 15 یونٹ اس وقت بند ہیں اور صرف 2 یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جن سے تربیلا ڈیم سے اس وقت صرف 250 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔۔

جب کہ تربیلا ڈیم میں بجلی کی پیداوار کی صلاحیت 4 ہزار 9 سو 28 میگا واٹ ہے، اس کے علاوہ تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ بھی بند ہے، جس کی وجہ سے اس توسیعی منصوبے سے 1450 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی، تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 5 ہزار کیوسک رہ چکا ہے۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ منگلا ڈیم سے بھی اس وقت بجلی کی پیداوار صرف 200 میگاواٹ ہے حالاں کہ منگلہ ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 1 ہزار میگا واٹ ہے لیکن منگلا ڈیم میں صرف ایک یونٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 4 ہزار کیوسک ہے، پن بجلی کی کمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے، جس سے ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ادھر پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا، ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ کل سے مہنگائی اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور ہم دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے، پورے پاکستان کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ باہر نکلیں، تین ہفتوں کے بعد عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے، حکومت کے گھر جانے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت جاری ہے، اگر ٹیکنوکریٹ آئے تو وہ معاملات کو نہیں سنبھال سکیں گے۔۔

پہلے تجربوں کی طرح یہ تجربہ بھی ناکام ہوگا، پی ٹی آئی کو ٹیکنوکریٹ حکومت قبول نہیں ہے، کسی بھی قسم کی ٹیکنوکریٹ حکومت کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کے مسائل کاواحد حل انتخابات ہیں، انتخابات پر فوکس کیا جائے، ملک کا آئین بحال کر کے انتخابات کی طرف بڑھا جائے، پی ڈی ایم عوام کے سامنے جانے کی جرات کرے، نواز شریف ملک میں مارشل لاء لگوانا چاہتے ہیں، عمران خان کی وجہ سے نہیں لگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں