اسلام آباد(پی این آئی )سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کے صوبائی وزرا کا اجلاس ہوا جس میں ملکی و صوبے کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور اگلے الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کی اور کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے ، سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے، انہیں معلوم ہے عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم الیکشن کیلئے عوام کے پاس جائیں گے، ملکی مسائل کا حل نئے الیکشن اور عوامی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی دے سکتی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے وزرا، پارلیمانی لیڈر، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کی عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط ہے، عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے لیکن ہمیں اعتمادکے ووٹ کے لیے تیاری کرنی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزرا کو ارکان اسمبلی سے رابطے میں رہنےکی ہدایت کی۔ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزرا نے عمران خان کو بریفنگ میں بتایا کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہمیں مسئلہ نہیں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر وزیرکو اس کے متعلقہ ڈویژن کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ہر وزیر اپنے ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے رابطے میں رہے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعتماد کا ووٹ لیتے ہی فوری اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔
اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد الیکشن کے لیے عوام کے پاس جائیں گے لہٰذا تمام وزرا اپنے حلقوں اور ڈویژن میں اگلے انتخابات کی تیاری بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل نئےالیکشن ہیں، عوامی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی مسائل حل کرسکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں