چیف الیکشن کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست، پی ٹی آئی نے ایک اور یوٹرن لے لیا

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا معاملہ،پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں الیکشن نہ کرانے پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس پر رجسٹرار آفس نے آئینی ادارے کے سربراہ کیخلاف توہین عدالت سے متعلق اعتراض اٹھایا۔

رجسٹرار آفس کے اعتراض کے بعد اب پی ٹی آئی نے رجسٹرار آفس سے توہین عدالت کی درخواست ہی واپس لے لی ہے۔پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر 31 دسمبر کو الیکشن نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا،درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کیخلاف وفاق اور الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیلیں قابل سماعت قرار دے رکھی ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق وفاق اور الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلیں سماعت کیلئے منظور کیں،عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے 9 جنوری کو جواب طلب کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو بھی نوٹس جاری کیے۔ عدالت نے سنگل بینچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور عدالتی فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے میاں عبدالرؤف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اس عدالت کے فیصلے کو سنگل بینچ نے مدنظر نہیں رکھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close