ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(آئی این پی)خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور سابق سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔سینئیر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نے بیرسٹر محمد علی سیف کی مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جبکہ اس حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ یہ کئی سال پرانا اور مردہ کیس ہے، اچانک سی ڈی اے کو کیس یاد آگیا اور وارنٹ جاری کر دیا۔

بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کر دیے گئے، عدالت نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ بیرسٹر محمد علی سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر توڑ پھوڑ کرکے قدرتی حسن تباہ کرنے پر 2018 سے مقدمہ زیر سماعت ہے، بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف لینڈ سکیپ آرڈیننس اور انوائرمنٹل ریگولیشن 2008 اور ایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔ادھر معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ کئی سال پرانا اور مردہ کیس ہے، اچانک سی ڈی اے کو کیس یاد آگیا اور وارنٹ جاری کر دیا۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ مقدمے پر کارروائی سے متعلق مجھے کبھی مطلع نہیں کیا گیا، میرے وکلا قانونی طور پر اس کیس کو دیکھیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں