وہ خاندان جن کو پنجاب حکومت نے مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا

وزیرآباد (پی این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے 2 بچوں والی فیملی کے لیے مفت راشن کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی پر فیصلہ کیا ہے جس فیملی کے دو بچے ہوں گے انہیں احساس پروگرام سے فری راشن ملے گا۔

پنجاب میں ہر چیز کو ایپ پر لارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی جے آئی ٹی کی ویڈیو لیک پر انکوائری کررہے ہیں تاہم شہبازشریف نے آئی جی کو امریکہ بھیج دیا ہے اور یہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے، موجودہ صورت حال میں پی ٹی آئی قیادت کو ذمے دارانہ بیان دینے چاہئیں، وزیرآباد حملے کے بعد پی ٹی آئی کو پیغام پہنچایا تھا کہ عمران خان پر حملے کی انکوائری کے لئے آپ افسران خود لگالیں۔اعتماد کے ووٹ سے متعلق چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ گورنر پنجاب کے غیرقانونی حکم کو نہیں مانتے، اعتماد کا ووٹ لیا تو یہ گورنر کے غیر قانونی حکم کی توثیق ہوگی اس لیے اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ویسے بھی بڑی مشکل سے پی ٹی آئی کی حکومت سنبھل چکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللّٰہ کو نا شکری پسند نہیں، اس لیے پی ٹی آئی کو چاہیے کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دے، 25 تاریخ کو اپنا حال یاد رکھے ان کی زبانیں نکلی ہوئی تھیں اور آپ کو جان کے لالے پڑے ہوئے تھے، شکر کرو اللّٰہ تعالیٰ کا، پی ٹی آئی والےکم از کم اپنے لیڈر عمران خان کی بات کو فالو کریں۔

میں توخود ویسے ہی کر رہا ہوں جو عمران خان کہہ رہے ہیں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کی وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو اعتماد ووٹ دلانے کے لیے حکمت عمل جاری ہے جہاں حمزہ شہباز کیمپ کے آزاد رکن پنجاب اسمبلی بلال وڑائچ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قافلے میں شامل ہو گئے، اس سلسلے میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ کی ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور میاں اسلم اقبال سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے، ملاقات میں بلال وڑائچ کی جانب سے تحریک انصاف کے وژن کی تائید کی گئی اور وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close