عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تنخواہ بند کر دی، وجہ کیا بنی؟

لاہور ( پی این آئی) عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تنخواہ تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کو دلیری سے قانونی کارروائی کی خلاف وزری کی عادت ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے ملزمان کے خلاف چالان جمع کروانے پر تاخیر سے متعلق ایف آئی اے اور وزارت داخلہ سے 5 سال سے زیر التوا کیسز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تنخواہ تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی اے کو دلیری سے قانونی کارروائی کی خلاف وزری کی عادت ہوگئی ہے۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج بخت فخر بہزاد نے سفیر گوندل کے کیس پر فیصلہ جاری کیا جس کے خلاف امیگریشن آرڈیننس اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کےخلاف کارروائی کے لیے اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کردیا۔فیصلے میں تحریر کیا گیا کہ ایف آئی اے کو دلیری سے قانونی کارروائی کی خلاف وزری کی عادت ہوگئی ہے۔ ایسی چالیں عدالتی نظام کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ لگتا ہے کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

یہ سب ڈائریکٹر ایف آئی اے اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے علم میں لایا گیا تھا۔عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت میں ذاتی طور پر طلب کر لیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر اظہار وجوہ کا تحریری جواب دیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تنخواہ روکنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو فیصلے کی کاپی بھیج دی۔ جج بخت فخر بہزاد نے فیصلے میں لکھا کہ انہوں نے نوٹ کیا ہے کہ ملزمان کی عدم پیشی پر ایف آئی اے جھوٹی رپورٹس پیش کرتی ہے۔ایسی رپورٹس سے معصوم افراد کو اشتہاری کروا کر ایف آئی اے اپنا ٹارگیٹ پورا کرلیتا ہے۔ کئی کیسز سالوں سے زیر تفتیش ہیں جبکہ حکام چند ملزمان کے خلاف چالان جمع کرواتے ہیں۔ ایف آئی اے جان بوجھ کر اعلیٰ عدالتوں کی گائیڈ لائینز پر عمل نہیں کر رہا۔ عدالت نے سیکریٹری وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ رپورٹ پیش کریں کہ اندراج کے بعد کتنے کیس 5 سال سے التوا میں ہیں۔کتنے چالان مکمل کر کے اب تک ٹرائل کے لیے بھجوائے گئے۔

بروقت چالان جمع نہ کروانے پر کتنے تفتیشی، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کی گئی؟ اگر کارروائی نہیں کی تو اس کی وجہ کیا ہے؟ جج بخت فخر بہزاد نے قرار دیا کہ ضابطہ فوجداری پر عمل میں التوا تعزیرات پاکستان کی دفعہ 166 کے تحت قابل سزا ہے۔ یہ عمل نہ صرف قانون بلکہ عدالت کو بھی کمزور کرتا ہے۔ ایف آئی کے غیر سنجیدہ رویے سے عوام میں بے چینی ہے اور عدالتی نظام پر اعتماد ختم ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close