عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے ملزم نوید سے متعلق عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا

لاہور (پی این آئی) وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے مقدمے انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم نوید بشیر کو مزید6روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں دے دیا جس کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ کا دورانیہ 53 دن ہو جائے گا۔

ملزم نوید کو 9 جنوری کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال نے ملزم نوید بشیر کے خلاف کیس پر سماعت کی، ملزم نوید کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ جے آئی ٹی نے ملزم نوید کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کا ایک پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے اور ملزم کے مالی اثاثوں، بینک اکاؤنٹس کی بھی جانچ پڑتال کرنی ہے لہٰذا مزید 30 دن کا ریمانڈ درکار ہے۔ ملزم نوید کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ملزم نوید کی حد تک تفتیش مکمل کر چکی ہے، ملزم سے اب کوئی برآمدگی نہیں ہونی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں جے آئی ٹی کی 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 6 دن کے جسمانی ریمانڈ پر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے اس کیس میں ایک دوسرے ملزم وقاص کا بھی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close