فیصل واوڈا نے بھی عمران خان کی نااہلی کا دعویٰ کر دیا

لاہور (پی این ائی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان نا اہل ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، لاہور میں منڈی لگی ہوئی ہے اور دونوں طرف سے بولیاں لگ رہی ہیں، اعتماد کا ووٹ ہوگا ہی نہیں اور اگر ہوا تو ان کے دوست مونس الہٰی کو گھر جانا ہوگا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ انہیں عمران خان 100 فیصد نا اہل ہوتے نظر آ رہے ہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کے کیسز سر پر کھڑے ہیں، اس ملک کی خوبصورتی یہ ہے کہ جب چھپنے پر آئے تو ہاتھی بھی چھپ جاتا ہے لیکن نکلنے پر آئے تو دم نکل آتی ہے، وہ عمران خان سے درخواست کرتے تھے کہ جب آپ مقبولیت کے عروج پر کھڑے ہیں تو پاکستانی قوم کیلئے بہتری کی طرف چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ منڈی دیکھنے لاہور آئے ہیں، ہر بکرے کے اوپر مالش ہو رہی ہے، دونوں طرف بولی لگ رہی ہے، حاصل حصول کچھ نہیں ہے، وہ پہلے سے ہی کہہ رہے ہیں کہ اعتماد کا ووٹ ہوگا ہی نہیں، مونس الہٰی سے ان کی سیاست میں آنے سے پہلے کی دوستی ہے اور اگر اعتماد کا ووٹ ہوگیا تو مونس الہٰی کو گھر جانا ہوگا، جتنی بھی چیزیں ہو رہی ہیں وہ سب کچھ ایک میک اپ ہے جو پہلے سے طے شدہ ہے، اس کی اصل کچھ بھی نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں