جنرل الیکشن کی تیاریاں شروع، نواز شریف نے لندن سے ہدایات جاری کر دیں

لندن ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کو عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کردی۔ دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور میں موجودہ پارٹی کی سیاسی ٹیم کو موجودہ سیاسی صورت حال میں اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما اور کارکن پنجاب میں وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ سے پہلے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نے اپنی جماعت کو عام انتخابات کے حوالے سے تیار رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔نئی حکمت عملی کے تحت مسلم لیگ ن نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بجائے صرف وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف اعتماد کے ووٹ پر تمام تر توجہ مرکوز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی گئی ہے۔ذرائع اے آروائی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نمبرز پورے نہ ہونے پر ن لیگ نے سبکی سے بچنے کیلئے تحریک عدم اعتماد واپس لی ہے، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اتحاد کو واضح برتری حاصل ہے۔قبل ازیں ن لیگ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد واپس لے چکی ہے، ن لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے ریکوزیشن جمع کروائی تھی تاہم گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس دی ہے، جس پر ن لیگ نے اپنی درخواست واپس لی ہے، اب وزیراعلیٰ پنجاب گورنر کی ایڈوائس کے تحت اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس 9 جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے، اسپیکر پنجاب سبطین خان اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، یہ اجلاس اب 11جنوری کی بجائے 9 جنوری کو دن 2 بجے بلا لیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close