ایم کیو ایم کی ایک دھمکی پر حکمران اتحاد میں کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد (پی این آئی)ایم کیو ایم کی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی پر حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر ایاز صادق نے امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایم کیو ایم رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو معاہدے پر پیدا ہونے والے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ الیکشن غیر جانب دار اور شفاف ہوں تو ہم ضرور تیار ہیں مگر سندھ کے اندر بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جو حلقہ بندیاں کی گئی ہیں وہ متنازع ہیں۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر حلقہ بندیوں کو درست نہ کیا گیا تو پھر ہم کارکنان اور عوام کے پاس جائیں گے اور سڑکوں پر آجائیں گے اور یہ بھی سوچیں گے کہ حکومت میں رہتے ہوئے الیکشن لڑیں یا پھر اتحاد کو چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو شفاف انتخابات ہورہے ہیں اور ہم نے 8 ماہ کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے درجنوں ملاقاتیں کی ہیں جن میں کہا ہے کہ فوری طور پر کراچی و حیدر آباد کی حلقہ بندیاں تبدیل کی جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close