لاہور (پی این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمام پارٹی ارکان کو فوری طور پر سرکاری قیام گاہیں چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری مراعات لینے والے ارکان کیخلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کرنے والے پارٹی ارکان قومی اسمبلی کے نام مانگ لیے۔عمران خان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ رابطہ کرنے والوں کا تعین کر کے تین روز میں نام عمران خان کو پیش کرے گی۔ عمران خان نے تمام پارٹی ارکان کو فوری طور پر سرکاری قیام گاہیں چھوڑنے کا حکم بھی دے دیا۔عمران خان نے ہدایت کی کہ ارکان قومی اسمبلی ایک ہفتے کے اندرسرکاری رہائش گاہیں چھوڑیں، سرکاری مراعات لینے والے ارکان کےخلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت کارروائی ہوگی۔ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر مذاکرات کیلئے پارٹی کے مزید 4 ارکان کو شامل کریں گے، کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے ساتھ رابطہ کرنے والوں کا تعین کرے گی، اسد قیصر 3 روز میں عمران خان کواسپیکر سے رابطہ کرنے والوں کے نام پیش کریں گے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق اسد قیصر نے اس سے قبل عمران خان کو اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔واضح رہے کہ زمان پارک لاہور میں عمران خان کی زیر صدارت سینیئر پارٹی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی جمعے سے احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرے گی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفے منظور نہ ہونے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، کوشش ہو گی 11 جنوری سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لے لیں۔فواد چوہدری نے نواز شریف پر ملک میں مارشل لا لگوانے کی کوشش کا الزام لگا دیا اور کہا کہ نواز شریف نے فوجی قیادت کی تبدیلی کو متنازع بنا کر ملک میں مارشل لا لگوانے کی کوشش کی، صرف عمران خان کے تدبر اور تحمل کی وجہ سے فوجی قیادت میں تبدیلی ممکن ہوئی اور ملک میں مارشل لا نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی کوشش کر رہی ہے ، اسٹیبلشمنٹ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کا سارا الزام اسٹیبلشمنٹ پر آئے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعظم سواتی کو جہاں قید کیا گیا ہے اس کے باہر احتجاج کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی، ابتر معاشی حالات، گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ، آسمان سے باتیں کرتی کچن آئٹمز کی قیمتوں کیخلاف تحریک انصاف جمعے سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ تین ہفتوں کے بعد انشاءاللہ عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے اور اس حکومت کے خاتمے تک ہم سڑکوں پر ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں