برطرف کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی حکومت کو برطرف، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کی ہدايت کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے برطرف، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی قادر مندوخیل نے وزارتوں کو سفارشات بھجوا دی ہیں۔

 

 

ان سفارشات کا اطلاق 30 ستمبر یا اس سے پہلے کے ملازمین پر ہوگا۔معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ او جی ڈی سی ایل ملازمین کا دوسرے صوبے میں تبادلہ نہ کیا جائے اور دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے کا کوٹہ بحال کرنے کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی، اس فیصلے کا اطلاق اکتوبر 2000ء کے بعد وفات پانے والے ملازمین کے بچوں پر ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں عدم تعاون پر سيکرٹری داخلہ کو برطرف کرنے اور استحقاق کمیٹی میں طلبی کی سفارش بھی کی گئی، اس کے علاوہ کمیٹی نے ڈی جی نادرا سندھ کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز جاری کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

 

 

دوسری طرف حال ہی میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے کہا گیا کہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی اپ گریڈیشن 8 سال سے تعطل کا شکار ہے، جس کی بنیاد پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تنخواہوں میں تفریق کے شکار وفاقی ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے، صوبائی طرز پر گریڈ ایک سے 16 کے وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے، حکومت گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہ میں150 فیصد اضافہ کرے اور 11 فروری معاہدے اور 12 اپریل 2021 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سفارشات پر عمل کو یقینی بنائے۔آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے ہاؤس رینٹ، میڈیکل، کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ، ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ مہنگائی کے تناسب سے پنشنرز کی پنشن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں