لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار نہیں ہوں گے وہاں ن لیگ سے آنے والوں پر غور کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ ن لیگ کے ممبران بھی ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے، ہم نیشنل الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ہماری امید ہے مارچ اور اپریل انتخابات کے مہینے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کل بلوچستان میں 8 دھماکے ہوئے، 8 ماہ میں دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں فوری انتخابات کی ضرورت ہے، یہ حکومت الیکشن کروانے کو تیار نہیں، حکومت جانتی ہے انتخابات نہیں جیت سکتی۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سیاسی استحکام چاہتے ہیں، الیکشن کروانے کیلئے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فیصلہ کرنے والے ادارے ملکی حالات کو دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم معیشت پر ایک وائٹ پیپر لا رہے ہیں، اگر آئی ایم ایف سے ہمارا پروگرام نہیں چلتا تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، اگر آئی ایم ایف کی شرائط مانی جاتی ہیں تو ڈالر مزید مہنگا ہو جائے گا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم نے 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی تھیں، اس حکومت نے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر میں 15 لاکھ نوکریاں ختم کی ہیں۔ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرداری اینڈ سن نے بے نظیر کے فلسفے ہر وہ گہری ضرب لگائی کہ بے نظیر کے قاتل بھٹو کو ختم نہیں کر سکے لیکن پیپلز پارٹی کی وفاقی حیثئت کو ختم کر کے انہوں نے بینظیر کے دشمنوں کا مشن پورا کر دکھایا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ملک میں صرف ایک وفاقی پارٹی اور ملک کا صرف ایک لیڈر ہے، چاغی کے پہاڑوں سے خیبر تک اور لاہور سے کراچی تک عمران خان کی للکار ہے، سیاسی بونے صرف جعلی تقریروں سے سیاست میں زندہ نہیں رہ سکتے۔ قبل ازیں گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے شہید بینظیر کے مشن کو آگے لے کر جائیں، ہم نے اسے جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا، پہلی بار تاریخ میں پارلیمان نے وزیراعظم کو گھر بھیجا، فوج اورعدالت نے نہیں بلکہ پارلیمان نے آپ کو گھر بھیجا، یہ آصف زرداری کا کریڈٹ بائیڈن کو دینا چاہ رہے ہیں، آپ کو امریکی صدر نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نکالا، وائٹ ہاوس کی نہیں بلاول ہاوس کی سازش نے آپ کو گھر بھیجا ہے اور یہ پہلا وزیراعظم ہے جسے جمہوری و آئینی طریقے سے نکالا گیا، سلیکٹڈ کو تو نکالا مگر ان کے سہولتکاروں کو بھی عزت کے ساتھ خداحافظ کہہ دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں