ڈیڈ لاک ختم، پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری میں بڑی پیشرفت ہوگئی

اسلام آباد ( پی این آئی) قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی اور سپیکر راجہ پرویز اشرف کی ملاقات طے پاگئی۔ ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے درمیان رابطہ ہوا۔

 

 

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر گفتگو ہوئی اور اس دوران پی ٹی آئی وفد اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان کل صبح ساڑھے 11 بجے ملاقات طے پا گئی۔معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے جب کہ دیگر ارکان میں عامر ڈوگر، اسدعمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک اور اسد قیصر شامل ہیں، سپیکر سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد استعفوں کی تصدیق کی حکمت عملی طے کرے گا۔اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے رابطہ کیا کہ میں اسلام آباد پہنچ گیا ہوں، آپ کا کیا پلان ہے؟ عامر ڈوگر نے کہا استعفوں کے معاملے پر آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، عامر ڈوگر کو کہا استعفوں کے معاملے پر پالیسی بڑی واضح ہے، ہم آئین پاکستان اور قواعد کے پابند ہیں، جو بھی آئینی معاملات ہیں انہیں اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ارکان کو اکٹھے آنے کی ضرورت نہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے تمام ارکان پارلیمنٹ میں واپس آئیں، یہ ہم سب کا ملک ہے کسی ایک جماعت کا ملک نہیں ہے۔

 

 

 

تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے، گارنٹی دیتا ہوں پی ٹی آئی ارکان پارلیمان میں آئیں تو انہیں بات کرنے کا موقع دوں گا کیوں کہ پارلیمنٹ ہی وہ جگہ ہے جہاں آپ کھل کر بات کر سکتے ہیں، اسپیکر قومی سمبلی اور ارکان کے درمیان تقدس کا رشتہ ہوتا ہے، میں ہاؤس اور ارکان کی جو بات مجھ تک پہنچتی ہے اس کا بھی کسٹوڈین ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں