اسلام آباد (پی این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں پر کوئی غیر آئینی کام نہیں کروں گا،پی ٹی آئی کے ایک ارکان نے عدالت میں کہا کہ انہوں نے استعفٰی نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے رابطہ کیا کہ میں اسلام آباد پہنچ گیا ہوں،آپ کا کیا پلان ہے؟عامر ڈوگر نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔عامر ڈوگر کو کہا کہ استعفوں کے معاملے پر پالیسی بڑی واضح ہے،ہم آئین پاکستان اور قواعد کے پابند ہیں۔جو بھی آئینی معاملات ہیں انہیں اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ ارکان کو اکٹھے آنے کی ضرورت نہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے تمام ارکان پارلیمنٹ میں واپس آئیں،یہ ہم سب کا ملک ہے کسی ایک جماعت کا ملک نہیں ہے۔تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے،گارنٹی دیتا ہوں پی ٹی آئی ارکان پارلیمان میں آئیں،انہین بات کرنے کا موقع دوں گا کیونکہ پارلیمنٹ ہی وہ جگہ ہے جہاں آپ کھل کر بات کر سکتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی سمبلی اور ارکان کے درمیان تقدس کا رشتہ ہوتا ہے،میں ہاؤس اور ارکان کی جو بات مجھ تک پہنچتی ہے اس کا بھی کسٹوڈین ہوں۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی سے دوبارہ رابطہ کیا،اسپیکر آفس نے راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کیلئے تحریک انصاف کے ارکان کی آمد سے متعلق استفسار کیا۔ پی ٹی آئی قیادت نے جواب دیا کہ کل 11 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی لاڑکانہ سے رات ہی اسلام آباد پہنچ گئے تھے اور پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کیلئے صبح 10 بجے سے اپنے چیمبر میں آکر بیٹھ گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا جس کا اسپیکر قومی اسمبلی نے خیرمقدم کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں