اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اینٹی کرپشن کا استعمال کرکے ن لیگ کے سینئر رہنما کو گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ4 سال میں آپ یہ سب کر کے دیکھ چکے ہیں، اس سے کچھ حاصل وصول نہیں ہوا، البتہ ملک اور عوام کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے لیگی رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن کو استعمال کرنا افسوسناک ہے، مخالفین کودھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی کو گرفتار کر لیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب حکام نے کہا ہے کہ چوہدری محمد اشرف نے 157 ایکٹر سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا،ملزم نے فراڈ سے جعلی دستاویزات بنا کر اراضی قبضے میں رکھی ہوئی تھی۔
ملزم نے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی سے مل کر زمین پر قبضہ کیا۔ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق چوہدری محمد اشرف کو الزام ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا،ملزم نے فرضی شخص کو الاٹمنٹ ظاہر کر کے زمین پر قبضہ کیا۔محکمہ اینٹی کرپشن نے انکوائری کے بعد چوہدری محمد اشرف کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ یاد رہے کہ چوہدری محمد اشرف ساہیوال سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 161 سے ن لیگ کے ایم این اے ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹرجنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی ہدایت پر اینٹی کرپشن ساہیوال ڈویژن نے مسلم لیگی ایم این اے چوہدری محمد اشرف اور ان کے بھتیجوں پر 18کروڑ مالیت کی 3 سو کنال سرکاری اراضی کے غبن پر مقدمہ درج کیا تھا۔چوہدری محمد اشرف اور ان بھتیجے ارشاد پر عدالت نے فرد جرم عائد کرنا تھا مگر وہ عدالت پیش نہیں ہوئے تھے ۔
اس موقع پرچوہدری محمد اشرف کے ایک بھتیجے عمیر مسعود پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد دو سرکاری گواہان نے بیان قلمبند کروایا۔ مسلم لیگی ایم این اے چوہدری محمد اشرف نے 265 کے ضابطہ فوجداری کے تحت اینٹی کرپشن عدالت میں بریت کے لئے درخواست جمع کروائی جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ن لیگی ایم این اے اور ان کے بھتیجے ارشاد پر 24 نومبر کو فرد جرم عائد کی کارروائی ہونا تھی جبکہ مسلم لیگی ایم این اے چوہدری محمد اشرف عدالت میں حاضری پر مسلسل لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں