الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئیے

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئیے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول منسوخ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

 

 

 

الیکشن کمیشن میں جماعت اسلامی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کےوکلا کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔ الیکشن کمیشن میں سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی جانب سے بھی دلائل دیئے گئے۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کا موقف سنا۔حکومتی موقف بھی الیکشن کمیشن میں پیش کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئیے۔ قبل ازیں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کرانے کیلئے پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی نواز اعوان نے وکیل سردار تیمور اسلم کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں درخواست میں کابینہ ڈویژن، وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن و دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آج سماعت کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن سے گیارہ روز پہلے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کی کوئی اہمیت نہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم کرکے الیکشن کمیشن کا 20 دسمبر کا فیصلہ بحال کیا جائے، الیکشن کمیشن کو 101 یونین کونسلز میں 31 دسمبر کو الیکشن کرانے کی ہدایت کی جائے۔

 

 

 

بلدیاتی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اس بات میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ الیکشن کمیشن خودمختاری سے اپنا کام کر رہا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو الیکشن سے متعلق آج فیصلہ کرنے سے روکنے کی استدعا مسترد کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں