اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے۔آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں اور عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں طارق بشیر چیمہ اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے سنیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے،اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی۔ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا اور اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا انتخابات مہنگائی،بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں کیونکہ پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی۔اگر ہم نہیں سمجھے تو نہ ملک چلے گا اور نہ ہی پارٹیاں چلیں گی۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے،اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا۔بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں،وہ طاقتیں خطہ میں بھارت کی بالادستی کی خواہاں ہیں۔
قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اگر فیصلہ کرتے ہیں تو 5 ماہ نکال سکتے ہیں،عمران خان عقل مند آدمی ہیں،انہیں کسی مشورے کی ضرورت نہیں،مجھے عام انتخابات جلد نظر نہیں آ رہے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل مل بیٹھ کر طے کریں گے،پنجاب میں اچھا ہی ہونے جا رہا ہے۔سربراہ مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ جن کے پاس عدم اعتماد کے ووٹ پورے نہیں وہ اپنے نمبر پورے کریں گے،جس کے پاس ووٹ پورے ہوئے وہ بچ جائے گا،میرا پی ڈی ایم سے نہیں لیکن شہباز شریف اور آصف زرداری سے رابطہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں