لاہور ( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے 5 جنوری کو امریکہ سے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کو فوری وطن واپس بلا لیا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اس وقت بیرون ملک ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو جلد از جلد پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا گیا ہے کہ جلد پاکستان واپس پہنچ جائیں، ذرائع کہتے ہیں کہ انہیں پنجاب میں وزارت اعلی دینے کیلئے فوری وطن پہنچنے کا کہا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی 5 جنوری کو امریکہ سے پاکستان واپس پہنچیں گے، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز 7 جنوری کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔دوسری طرف چوہدری پرویزالٰہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحالی کے خلاف مسلم لیگ ن نے درخواست تیار کرلی، اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کرنے کیلئے درخواست تیار کر لی ہے، اس ضمن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزراء اور ممبران اسمبلی نے شرکت کی، اس موقع پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پارٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر غور کیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکاء نے موقف اپنایا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اگر اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مکمل اختیارات دیے گئے تو وہ الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، پرویز الہیٰ معاملے پر جتنی تاخیر کر لیں انہیں اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے نمبرز پورے نہیں اور اعتماد کا ووٹ نہ لے پانے سے پنجاب سے پی ٹی آئی حکومت ختم ہو جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں