اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد پنجاب میں بھی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا

لاہور(پی این آئی) اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا ، اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، ریلوے اسٹیشن ،بس اسٹینڈز اور رش والے مقامات پر بھی سکیورٹی اور پیٹرولنگ بڑھا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد

لاہور سمیت پنجاب میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا ۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے تمام ذمہ دار پولیس افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ سکیورٹی کے سلسلہ میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور افسران سکیورٹی کے لئے اقدامات کی خود نگرانی کریں ۔ سکیورٹی کے سلسلہ میں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور مشکوک گاڑیوں کی جامع تلاشی لینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ جمعہ کی وجہ سے

مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ۔ حساس قرار دی گئی مساجد اور امام بارگاہوںکے باہر پولیس کی نفری تعینات رہی جبکہ نمازیوں کو تلاشی کے بعد مساجد میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔ اس دوران پولیس افسران بھی پیٹرولنگ کرتے رہے ۔ پولیس کی جانب سے اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے اور ہر آنے جانے والے کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے ۔ پولیس افسران کے مطابق ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈز کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے

جبکہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی حسا س مقامات پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close