چوہدری شجاعت حسین نے اہم ترین شخصیت کو پارٹی سے ہی نکال دیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ق نے سینیٹر کامل علی آغا کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے کامل علی آغا کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔مسلم لیگ ق کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کامل علی آغا کو مسلم لیگ ق پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

 

 

 

چوہدری شجاعت کی ہدایت پر کامل علی آغا کو شوکاز نوٹس بھیجا گیا،کامل علی آغا غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کی وضاحت نہ کر سکے۔کامل علی آغا نے چوہدری شجاعت کی ساکھ کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کامل علی آغا نے غیر قانونی اور غیر آئینی قرارداد منظور کروا کر پارٹی آئین سے تجاوز کیا۔آپ کو نہ صرف پارٹی عہدے سے بلکہ پارٹی رکنیت سے برخاست کیا جاتا ہے،جتنے عہدے آپ نے پارٹی رکنیت بمعہ سینیٹ حاصل کئے انہیں کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹائے جانے پر چوہدری شجاعت حسین نے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع رکھا ہے،جبکہ چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی ہماری ہے،تھی اور رہے گی،کامل علی آغا کو بتائیں گے کس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں۔

 

 

 

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل کامل علی آغاز نے پریس کانفرنس میں پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کو عہدوں سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔کامل علی آغاز نے بتایا کہ سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں چوہدری شجاعت کو صدر اور طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی۔یہ شارٹ نوٹس پر ہنگامی اجلاس تھا، اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن آگئی تھی، لیگل ونگ کی مشاورت کے بعد اجلاس بلایا گیا، کورم سے زیادہ لوگوں کی ریکوزیشن تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں 83 لوگ شریک ہوئے، طویل مشاورت کے بعد چار سے 5 قرارداد پاس ہوئی،تین حضرات کی طرف سے کارروائیاں پارٹی کے لیے بڑی نقصان دہ ثابت ہوئیں۔چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ بڑا دیرینہ تعلق رہا،اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کو صدارت سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں