لاہور ( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کو فوری وطن واپس بلا لیا، ذرائع کہتے ہیں کہ انہیں پنجاب میں وزارت اعلی دینے کیلئے فوری وطن پہنچنے کا کہا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں پارٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اس وقت بیرون ملک ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو جلد از جلد پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے، اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں پاکستان واپس پہنچ جائیں۔پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ خلیل طاہر سندھو نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو آج ہر صورت ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا، چوہدری پرویزالہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا چارج نہ چھوڑا تو آرٹیکل 245 کے تحت فوج اور رینجرز طلب کرنے کا اختیار موجود ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کوئی تاریخ نہیں دہرائی جائے گی، ساری صورتحال کچھ دیر میں واضح ہو جائے گی، پنجاب اسمبلی سے روانہ ہوکر گورنر ہاؤس جارہا ہوں جہاں رانا ثنااللہ اور عطا تارڑ سمیت گورنر کو صورتحال سے آگاہ کروں گا۔
جس کے بعد ساری صورتحال کچھ دیر میں واضح ہو جائے گی۔مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ گورنر صوبے کا آئینی سربراہ ہے، گورنر پنجاب کسی بھی وقت نئے اسمبلی اجلاس کا شیڈول جاری کر سکتے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب آج ہر صورت ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا، چوہدری پرویزالٰہی کو پی ڈی ایم کا وزیراعلیٰ بنانے کا وقت گزر گیا، اب نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے آصف زرداری کردار ادا کریں گے۔اسی حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب کے نئے وزیراعلٰی کا فیصلہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کرے گی، ممکنہ طور پر حمزہ شہباز ہی بطور وزیراعلٰی ہمارے امیدوار ہیں، اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر نئے وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب ہوگا، گورنر پنجاب کے نئے نوٹیفکیشن کے بعد پرویز الٰہی وزیر اعلی نہیں رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں