اگلا وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا؟ آصف علی زرداری متحرک ہو گئے

لاہور(پی این آئی) سابق صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی سے وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کیلئے رابطے تیز کردیئے ہیں، پیپلزپارٹی نے وزارت اعلیٰ کیلئے حسن مرتضیٰ، علی حیدرگیلانی اور عثمان محمود کو نامزد کیا ہے، حتمی فیصلہ نوازشریف اور چودھری شجاعت کریں گے۔

 

وزیراعلی پرویزالٰہی کےخلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد آصف زرداری نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور عثمان محمود کے نام پیش کردیے ہیں، ان ناموں میں سے ایک نام پر حتمی فیصلہ آصف زرداری، چودھری شجاعت اور نوازشریف اتفاق رائے سے کریں گے۔اسی طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماں نے مجموعی اور خاص طور پر پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔دونوں رہنمائوں نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لئے مجوزہ اقدامات اور دیگر آپشنز پر تفصیلی بات چیت کی ۔

 

 

ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں دونوں نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے دینے کے عزم کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پیر کے روز چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں والد کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کے طلب کردہ اجلاس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔سپیکر سبطین خان نے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا پنجاب اسمبلی کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ پہلے ہی اجلاس چل رہا ہے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو درست نہیں سمجھتا، ایک وقت میں جب اجلاس چل رہا ہو تو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اجلاس سپیکر کا طلب کردہ ہے جسے گورنر ختم نہیں کرسکتا، اگر حکومت کا بزنس ہوا تو آج بروز بدھ بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو گا، گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا اسمبلی سیکرٹریٹ گزٹ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں