لاہور ( پی این آئی) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی اگر فیصلہ کرتے ہیں تو 5 ماہ نکال سکتے ہیں،عمران خان عقل مند آدمی ہیں،انہیں کسی مشورے کی ضرورت نہیں،مجھے عام انتخابات جلد نظر نہیں آ رہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو شہباز شریف اور آصف زرداری سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی،آج کسی رہنما سے ملاقات نہیں،اگر شام کو ملاقات ہوئی تو وہ بھی اچھی ہی ہو گی۔آئندہ 3 سے 4 روز تک رابطے اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔اتوار کے روز ہونے والی ملاقاتوں میں اچھی باتیں ہوئیں،کوئی منفی بات نہیں ہوئی،مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل مل بیٹھ کر طے کریں گے،پنجاب میں اچھا ہی ہونے جا رہا ہے۔سربراہ مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ سمیت دونوں آپشن پر غور کر رہی ہے،ان کے پاس اور بھی آپشنز ہوں گے لیکن مجھے دو ہی بتائے گئے ہیں۔
جن کے پاس عدم اعتماد کے ووٹ پورے نہیں وہ اپنے نمبر پورے کریں گے،جس کے پاس ووٹ پورے ہوئے وہ بچ جائے گا۔میرا پی ڈی ایم سے نہیں لیکن شہباز شریف اور آصف زرداری سے رابطہ ہے،پنجاب کے معاملے پر زیادہ پریشانی بنی ہوئی ہے لیکن جلد حل نکل آئے گا۔آنے والے دنوں میں چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی،چوہدری پرویز الٰہی اگر فیصلہ کرتے ہیں تو 5 ماہ نکال سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عام انتخابات جلد نظر نہیں آ رہے،کچھ لوگ اسمبلیاں توڑنے اور کچھ بچانے پر تلے ہوئے ہیں۔عمران خان عقل مند آدمی ہیں،انہیں کسی مشورے کی ضرورت نہیں،پرویز الٰہی کیلئے گنجائش کا مسئلہ نہیں،مسئلہ تو سیاسی جماعتوں کا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے حوالے سے کوششوں سے بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں