اسلام آباد(پی این آئی)وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کم از کم چوہدری پرویز الہٰی کا جی نہیں چاہ رہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں، اگر ہمارے ساتھ ہوتے، آج بھی وزیرِ اعلیٰ ہوتے۔سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 70 برس میں جتنے عمران خان نے قرضے لیے کسی نے نہیں لیے، کہتے تھے کہ قرضہ نہیں لوں گا مر جاؤں گا، خود تو مرا نہیں مگر عوام کو مار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جو ورثے میں حکومت ملی اس کے حالات ٹھیک نہیں تھے، لیکن ہماری کوشش ہے حالات بہتر کریں گے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام کو انہوں نے اپنا آخری پتہ کھیلا، کہتے ہیں کہ اسمبلیاں تحلیل کر دوں گا، مجھے پتہ نہیں کہ انہوں نے یہ کچھ دنوں کا وقفہ کیوں رکھا، پرویز الہٰی کا چہرہ دیکھنے والا تھا جیسے کوئی لوٹ گیا ہو، کسی کی مرضی کے مطابق استعفیٰ دینا ہے یا اسمبلیاں توڑنی ہیں ایسا نہیں ہوتا۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ عمران اس لیے چاہتا ہے کہ الیکشن جلدی ہوں اور تھوڑا وقت گزر گیا تو اس کے جادو کا اثر ختم ہو جائے گا، اس نے سارا جو جھوٹ بولا ہے سب کے سامنے ہے، دولت اور اقتدار کی ہوس اس کا نصب العین ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی مدوجزر ہمارے سامنے ہے، اپریل میں تحریکِ عدم اعتماد کے نتیجے میں پی ڈی ایم کی حکومت اقتدار میں آئی، ایک شخص جو وزیرِ اعظم تھا، پروگرام بنا کر بیٹھا تھا کہ 10 سال حکمرانی کرے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے شہباز شریف وزیرِ اعظم بنے، تقدس کے باعث ادارے کو عمران خان نے تنازع بنا دیا لیکن وہ بخیر و خوبی اختتام کو پہنچا۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ آپ نے ملک کو 4 سال مہنگائی کی بھٹی میں بھون کر رکھ دیا، ہمارے پاس جو حکومت آئی وہ ٹوٹتی ہوئی معیشت تھی، ہم تگ و دو میں ہیں کہ پاکستان کے عوام کو کسی طرح ریلیف ملے، ہم کوشش میں ہیں کہ 4 سال کی مہنگائی کے آگے بند باندھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں