اسلام آباد ( پی این آئی ) صوبہ پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم نے وفاقی وزراء کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا پارٹی قائد نواز شریف سے لندن میں رابطہ ہوا، اس دوران انہوں نے نوازشریف سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق مشاورت کی، جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کو پنجاب کی صورتحال پرپی ڈی ایم جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی وزراء اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق مشاورت کیلئے پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد ن لیگ کی مشاورت جاری ہے جس میں غور کیا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پہلے عدم اعتماد آئے گی یا اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے گا؟ اس مشاورت کے لیے شہباز شریف نے آج لاہور میں اہم اجلاس طلب کیا، مسلم لیگ ن کے اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوگی، اس موقع پر اسمبلیاں تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے معاملات پر غور کیا جائے گا، اس دوران قانونی، آئینی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سمیت دیگر آئینی و قانونی امور زیر بحث آئیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اگلے جمعے کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے، اس کے بعد الیکشن کی تیاری کریں گے۔
ہم اپنی دو اسمبلیوں کو ملک کیلئے قربان کرتے ہیں، جب دو اسمبلیوں سے نکلیں گے تو 66 فیصد پاکستان میں الیکشن ہوگا، عقل کہتی ہے کہ پورے پاکستان میں جنرل الیکشن کروا دیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوف ہے کہ چوروں کا ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، پاکستان کے مزدروں، کسانوں سے پوچھ لیں ان کی آمدنی اور اخراجات میں کوئی متوازن نہیں ہے، انڈسٹری بند ہورہی ہے، ہم نے اپنے آخری وقت میں انڈسٹری کو ترقی دی تھی، دولت میں اضافہ ہورہا تھا، ٹیکسز بڑھ رہے تھے، ریکارڈ ٹیکسز، اور ریکارڈ ایکسپورٹ کیں، کسانوں کی مدد کی، 4.5فیصد زراعت میں گروتھ ہوئی، ریکارڈ فصلوں کی پیدا وار ہوئی لیکن آج کوئی ایک چیز بتائیں کہ کوئی ایک جو بہتر ہوئی ہو، ساڑھے ساتھ لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ہیں، ان میں ڈاکٹر، انجیئنرز اور تربیت یافتہ لوگ تھے اور اب یہ لوگ مایوسی کی وجہ سے ملک چھوڑ گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں