فواد چودھری نے بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کے بارے میں کیا کہہ دیا؟

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے بشری بی بی کی مبینہ آڈیو کو غیر مستند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کیساتھ ہونے والی گفتگو کا کوئی سر ہے نا پائوں، مختلف آڈیوز کو جوڑا گیا، پرویز الہی اور محمود خانہ ہفتہ کو جلسے میں شریک ہوں گے جس میں اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کر دیا جائے گا،یہ نااہل اور ناکام حکومت ہے، بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے، پاکستان تحریک انصاف مریم نواز اور حمزہ شہباز کے کیسز سے بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جا رہی ہے۔

فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں استحکام لانے کا واحد راستہ انتخابات ہیں،پچھلے 8ماہ میں حکومت نے پی ٹی آئی کو جھکانے کیلئے تمام حربے استعمال کرلئے ،مضحکہ خیز سکینڈلز لانے کی کوششیں کیں جس پر ہنسی آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے چوری کرنے والوں کو لگتا ہے کہ اپنی گھڑی بیچنا جرم ہے،حکومت نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں پر دہشت گردی اور کرپشن کے کیسز بنائے لیکن ناکام ہوئے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا فیصلہ ہے کہ ہم نے اسمبلیا ںتحلیل کرنی ہیں اس کے ہی نتیجے میں ملک میں سیاسی عمل آگے بڑھے گا اور استحکام آئے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بارے میں وکلاء سے مشاورت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مریم نواز اور حمزہ شہباز کے کیسز سے بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جا رہی ہے ،نیب کے وہ تمام کیسز جس میں 1100ارب روپے کا منافع دیا گیا اس کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں اور دوسری طرف 1100ارب روپے چھوڑ ے جا رہے ہیں، یہ سب ناقابل قبول ہے، کرپشن کیسز معاف کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ایسے لوگ ہیں جو ملکی معیشت نہیں چلا سکتے ہیں،دو وزیرخزانہ روزانہ ٹی وی پر آ کر تماشا لگاتے ہیں، موجودہ حکومت غیر سنجیدہ، نااہل حکومت ہے، انہیں سوائے بیرونی دورے کے کچھ اور نہیں آتا ہے۔انھوں نے کہاکہ بشری بی بی کی مبینہ آڈیو غیر مستندہے ، ملازمین کیساتھ ہونے والی گفتگو کا کوئی سر ہے نا پائوں، مختلف آڈیوز کو جوڑا گیا۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ثاقب نثار کی آڈیو آئی تھی، آڈیوزکوئی مستند نہیں ہیں، جتنی آڈیوزاس وقت آرہی ہیں سب کو کٹ پیسٹ کر کے جوڑا گیا۔جوسمجھتے ہیں آڈیوز سے عمران خان کو نقصان ہوگا وہ خیالوں کی دنیا سے باہر آجائیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھ اکہ اس وقت مفتاح اسماعیل اوراسحاق ڈار کے درمیان تماشا لگا ہوا ہے، یہ نااہل اور ناکام حکومت ہے، بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close