اسمبلیاں توڑنے کا حتمی فیصلہ کون کرے گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے قیاس آرائیاں ختم کر دیں

لاہور (پی این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بارے میں عمران خان کا فیصلہ حتمی ہو گا،مسلم لیگ ن کی قیادت صرف جھوٹ بولنے میں ماہر ہے۔13 جماعتوں کا ٹولہ ملکر بھی قومی معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر خرم شہزاد ورک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی،تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلٰی پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے کا سوچ کر 27 کلو میٹر کے وزیراعظم لرز رہے ہیں۔معیشت سنبھالنے کا دعویٰ کرنے والے گھبرا رہے ہیں،نااہل ٹولے کے ساتھ عوام وہ سلوک کریں گے جو یہ برسوں یاد رکھیں گے۔خدمت کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں،ن لیگی قیادت صرف جھوٹ بولنے میں ماہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے سے معیشت نہیں سنبھل سکتی،13جماعتوں کا ٹولہ ملکر بھی قومی معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہا۔گریٹر تھل کینال میں وفاق نے پنجاب کے کاشتکار سے دشمنی کا مظاہرہ کیا۔جبکہ خرم شہزاد ورک کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں 13 جماعتوں کے اتحاد کو ہرایا،عام انتخابات میں بھی ہرائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعلٰی پنجاب کے درمیان ہوئی،ملاقات میں مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی موجود تھے۔اس موقع پر باہمی دلچپسی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرویز الٰہی نے پنجاب کے ترقیاتی کاموں پر صدر مملکت کو آگاہ کیا۔صدر مملکت نے اسحاق ڈر سے ملاقات پر اعتماد میں لیا،جبکہ خراب معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ چند ماہ میں یہ حکومت پاکستان کو معاشی لحاظ سے کئی برس پیچھے لے گئی،معیشت روز بروز گر رہی ہے اور یہ اپنا اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں۔ وفاق پر مسلط ٹولہ صرف سیاست بچانا چاہتا ہے،آج ریاست بچانے کا سوال سب سے پہلے ہے۔انکا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہو گا،پنجاب کی وزارت اعلٰی عمران خان کی امانت ہے اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں