لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید سیاسی اجتماع میں شرکت کیلئے پہنچ گئے، ویڈیو منظر عام پر آگئی

چکوال(پی این آئی)سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نےسیاسی اجتماع میں شرکت کی ہے جس کے بعد میڈ یا پر خبریں گرم ہیں کہ انہوں نے سیاسی میدان میں انٹری کرلی ہے۔

فیض حمید نے اپنےمقامی علاقے میں ایک ڈیرے پرہونے والی سیاسی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید ایک تقریب میں براجمان ہیں اور ایک مقامی شخص علاقے کی ترقی کے لئے ان کی جدوجہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ان کی اور اہل علاقہ کی خواہش ہے کہ فیض حمید باقاعدہ سیاست کے میدان میں آئیں۔فیض حمید سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے فوج میں رہ کر اپنے علاقے کی خدمت کی ہے اسی طرح سیاست میں آکر اس سے بڑھ چڑھ کر اپنے علاقے، ڈسٹرکٹ اور ملک کی خدمت کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ سیاست میں آکر عوام کی خدمت کریں۔تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ فیض حمید چکوال میں واپس آگیا ہے اور پہلے سے بھی زیادہ خدمت کر رہا ہے۔ ہم سب کو آپ پر فخر ہے ۔مقامی رہنما نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ آپ ملک کے آرمی چیف بنیں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا۔

اگر ایسا ہو جاتا تو یہ ملک کے لئے بہت بڑا کارنامہ تھا ۔میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ہماری 4 یونین کونسلوں ڈوڈھیال، سرال، منگوال میں خصوصی طور پر 25، 25 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروا کے دی۔ آپ کی مزید کوشش ہونی چاہیے تاکہ اس کا جلد از جلد اجراء ہو جائے اور عوام کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں، وہ آپ کی وساطت سے پورے کر سکیں۔تقریب میں موجود تمام افراد نے اعادہ کیا کہ وہ لوگ فیض حمید کے شانہ بشانہ چلیں گے اور ان کے حکم کی تعمیل کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں