پی ٹی آئی کی اسمبلیوں میں واپسی کا امکان؟ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا ردِعمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔شاہ محمود قریشی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اگلے ہفتے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔شاہ محمود قریشی نے خط میں کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اسپیکر کے پاس پیش ہوکر استعفوں کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں۔

 

 

اسی حوالے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف اسمبلی میں آنا چاہتی ہے تو اسے ویلکم کریں گے۔پارلیمان مشکلات کا حل ہے،وہیں سر جوڑ کر بیٹھنا ہے، مسائل کا حل نکالنا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے استعفے آئیں گے تو دیکھیں گے کیا پوزیشن ہے۔صدر پاکستان لاہور میں ہیں۔رابطے ہونے چاہیں، اچھی بات ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی۔قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو تحریک انصاف نے نظام سے لاتعلق ہونے کا فیصلہ کیا،میں نے پارٹی کا فیصلہ پیش کیا کہ ہم سب ایم این اے مستعفی ہو رہے ہیں۔قاسم سوری نے دفتر کو احکامات دئیے کہ استعفے منظور کر کے آگے پیش کئے جائیں۔راجہ پرویز اشرف نے حکومت کی ایما پر غیر قانونی آئین سے ہٹ فیصلہ کیا،انہوں نے ہمارے استعفوں کی منظوری پر جانبداری دکھائی۔ اصولی طور پر ہم نے استعفے دئیے تھے،خاص لوگوں کے استعفوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔ہم نے تو اپنا فیصلہ کر لیا ایک بار پھر اپنے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تیار ہیں،ہم نے عمران خان سے خط شیئر کیا انہوں نے منظوری دے دی ہے،میرے دستخط کے بعد یہ خط اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا جا رہا ہے،اسپیکر صاحب ہمیں بلائیں تاکہ مشترکہ طور پر بیان دے سکیں۔

 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل سپریم کورٹ میں ایک معاملہ آیا،حکومت کی جانب سے غلط بیانی کی گئی اور کہا گیا پی ٹی آئی کے ارکان استعفے دے چکے ہیں لیکن تنخواہیں لے رہے ہیں،پی ٹی آئی کے کسی ایم این اے کو اپریل کے بعد تنخواہ نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ شک ہے ہمارے نام یہ لوگ تنخواہیں لے رہے ہوں گے،اسمبلی توڑو تحریک ہونی ہے،70 فیصد ملک الیکشن کی طرف جائے گا،اسپیکر قومی اسمبلی نے کچھ استعفے مںظور کر لئے اور کچھ نہیں کئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close