اسلا م آباد(آئی این پی)وفاقی وزرا نے ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔وفاقی وزرا ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ اتحادیوں سے مذاکرات کیلئے پہنچے اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور جمیت علمائے اسلام کے رہنماں سے ملاقات کی۔ملاقات میں اتحادی جماعتوں کی ریکوڈک بل سے متعلق تحفظات پر بات چیت کی گئی۔
اتحادیوں نے شکایت کی کہ غیرملکی سرمایہ کاری بل سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا اور بطور اتحادی اعتماد میں نہ لینے سے ٹھیس پہنچی۔ ملاقات میں وفاقی وزرا نے یقین دہانی کرائی کہ بل میں وعدے کے مطابق ترامیم کیلئے تیار ہیں۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی فلور پر کی گئی اپنی یقین دہانی پر قائم ہوں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی 2 اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بی این پی مینگل اور جے یو آئی کے وزرا نے ریکوڈک کے معاملے پر کابینہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔اس معاملے پر اختر مینگل نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا بھی اشارہ دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں