لاہور(آئی این پی )وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے صوبے میں سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کیلئے سخت ہدایات جاری کر دیں۔چودھری پرویز الہی نے سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی، وزیراعلی آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکمے کفایت شعاری پالیسی پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ بھر میں سرکاری اراضی کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا اور سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلی آفس بھجوانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائیگی۔چودھری پرویز الہی نے صوبے کے وسائل میں اضافہ کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اہداف کا حصول مقررہ مدت میں یقینی بنانا متعلقہ اداروں او رمحکموں کی ذمہ داری ہے، متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ریونیو میں اضافے سے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتیں دی جائیں، متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری، سابق وفاقی وزیر مونس الہی، ایم این اے حسین الہی، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری خزانہ اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی پروگرام اورمالیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں