سینیٹر اعظم سواتی کی رہائی کا امکان

کراچی (پی این آئی) سندھ ہائی کورٹ کراچی نے پاکستان تحریکِ انصاف کے گرفتار سینئر رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عثمان سواتی نے والد اعظم سواتی کی سندھ میں گرفتاری کےخلاف سندھ ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ عدالتِ عالیہ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں آج 2 رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔سینیٹر اعظم سواتی کے صاحبزادے عثمان سواتی سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

جبکہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی ہائی کورٹ پہنچے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی کو راہداری ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پولیس نے سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ اور سول جج کی عدالت میں پیش کیا تھا اور پولیس نے عدالت سے اعظم سواتی کے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔ گزشتہ روز عدالت نے بلوچستان سے منتقل کیے جانے والے اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں اعظم سواتی کے بیٹے کی طرف سے والد کی گرفتاری کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست کی فوری سماعت سے ان کی رہائی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔۔۔

close